اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) بجلی چوری روکنے کیلئے جدید ترین میٹرز لگانے کا فیصلہ کیا گیا،صارفین کو امریکا‘ یورپ کی طرح جدید الٹرا ماڈرن کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے بجلی کی 24گھنٹے فراہمی یقینی بنے گی اور اُنکی شکایات کا فوری ازالہ ہوا کریگا، وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے وفاقی پاور ڈویژن نے ملک بھر میں اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا سرکلر جاری کر دیا ہے۔
ایڈوانس میٹرنگ انفرا سٹرکچر میٹر کی تنصیب کے حوالے سے جاری سرکلر میں ملک بھر کی تمام الیکٹرک ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اپنے صارفین کے موجودہ بجلی کے میٹرز ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر سے تبدیل کرنے کا آغاز کر دیں۔
جنگ کو پاور ڈویژن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو یہ وفاقی سرکلر موصول ہو گئے ہیں۔
حکومت پاکستان کی جانب سے پاور سیکٹر میں اصلاحات‘ جدت پسندی اور صارفین کو بہترین کسٹمز سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ایڈوانس میٹرنگ انفرا سٹرکچر اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب سے ملک و قوم کو اربوں روپے بجلی کی چوری سے چھٹکارا مل جائیگا اور صارفین کو امریکا‘ یورپ کی طرح جدید الٹرا ماڈرن کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے بجلی کی 24گھنٹے فراہمی یقینی بنے گی اور اُنکی شکایات کا فوری ازالہ ہوا کریگا۔
ایڈوانس میٹرنگ انفرا سٹرکچر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد رضا گیلانی نے بتایا کہ اے ایم آئی کی تنصیب یقینی طور پر خودکار‘ سو فیصد درست اور بروقت میٹر ریڈنگ‘ بجلی چوری پر قابو‘ بجلی کی طلب و رسد کا درست تعین اور بجلی کے استعمال پر کنٹرول‘ ریکوری میں اضافے‘ میٹرز میں آنے والے فالٹس کی خود کار طریقے سے متعلقہ ایس ڈی او آفس کو آگاہی ممکن بنائی گئی ہے۔