وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں دیہی خواتین کو پالنے اور روزگار کمانے کےلیے گائے اور بھینسیں مفت ملیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کسانوں کی رہنمائی کےلیے ایپ اور ہیلپ لائن فنکشنل کردی۔ انہوں نے کہا کہ 12 اضلاع کی 11 ہزار دیہی خواتین کےلیے 2 ارب روپے کا ریکارڈ پیکیج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پنجاب کی دھی رانیوں کےلیے باعزت روزگار کے دروازے کھول دیے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ سی ایم لائیو اسٹاک کارڈ سے 80 ہزار فارمرز اور 27 ہزار روپے فی جانور بلاسود قرض لے سکیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین کو پالنے، روزگار کمانے کیلئے گائے، بھینسیں مفت ملیں گی، پنجاب کے لائیو اسٹاک فارمرز کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، راجن پور اور کوٹ ادو کی دیہاتی خواتین کو مفت گائے اور بھینسیں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مویشی پال فارمر رجسٹرڈ ڈیلر سے 2 لاکھ 70 ہزار تک ونڈا، منرل مکسچر اور سائلج خرید سکیں گے، لائیو اسٹاک فارمر 4 ماہ تک مساوی اقساط میں بلاسود قرض سے ونڈا وغیرہ خرید سکیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ لائیواسٹاک کارڈ کے ذریعے 4 لاکھ جانور میٹ ایکسپورٹ کےلیے تیار ہوں گے۔ مویشیوں کی دیکھ بھال میں آسانی کےلیے اینیمل آئیڈنٹٹی ٹریس ایبلٹی سسٹم کا نفاذ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فارمر کےلیے ہیلپ لائن بھی فنکشنل ہوگی جبکہ آئن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔