کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کو موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔
پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ، ارشد صابری روڈ پر کار پر 4 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی، کار میں 2 افراد سوار تھے۔جن میں سے 1شخص کو سینے پر گولی لگی جبکہ دوسرا محفوظ رہا۔
زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا لیکن وہ دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت اللّٰہ یار کے نام سے ہوئی جبکہ کار میں بچ جانیوالا دوسرا شخص اسکا سیکیورٹی گارڈ تھا جو کہ واقعہ کے وقت مسلح بھی تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول مرغی سپلائی کا کاروبار کرتا تھا اور رات کے وقت مرغی کی دکانوں سے سپلائی کے پیسوں کی ریکوری کرتا تھا۔
واقعہ ذاتی دشمنی لگتا ہے کیونکہ مقتول کی گاڑی میں نقد رقم موجود تھی لیکن ملزمان نے نہ تو مقتول کی نقد رقم اٹھائی، نہ ہی سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھینا ملزمان کار پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔
فائرنگ کے مقام سے کرائم سین یونٹ پولیس نے بھی شواہد اکٹھے کیے ہیں جبکہ جائے وقوع کے اطراف میں پولیس سی سی ٹی وی ویڈیو بھی تلاش کر رہی ہے۔