وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں دھرنے کی آڑ میں متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو جلائے جانے کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ شہری و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں۔ احتجاج کا حق سب کو ہے مگر شہری املاک کو نقصان پہنچانا شرانگیزی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جنہوں نے گاڑیاں جلائیں اُن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ہم نے دھرنوں کے لیے مخصوص جگہ کی اجازت دے رکھی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کو صورتحال بہتر کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ کراچی میں بےنظمی ختم کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔