• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم کی خرابی: ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ میں فلائٹ شیڈول متاثر

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

موسم کی خرابی کے باعث ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں فلائٹ شیڈول متاثر ہو گیا۔

موسم  کی خرابی کی وجہ سے 5 پروازوں کو لاہور لینڈ کیا گیا جبکہ 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ 

جدہ سے فیصل آباد کی پرواز پی کے 764 کو لاہور اور مدینہ سے سیالکوٹ کی پرواز پی کے 874 کو بھی لاہور میں لینڈ کروایا گیا۔

موسم کی خرابی کے باعث مدینہ سے ملتان کی پرواز پی کے 716 اور جدہ سے 740 کی لاہور میں لینڈنگ کروائی گئی۔

کراچی سے ملتان کے لیے پی آئی اے کی 2 پروازیں پی کے 330 اور 331 منسوخ کر دی گئیں۔

شارجہ، دبئی، جدہ سے ملتان کی 4 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی ہے جبکہ فیصل آباد سے دبئی کی پرواز ایف زیڈ 392 کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی ہے۔

دوسری جانب موسم کی خرابی کی وجہ سے افغانستان کے دارالحکومت کابل کی پرواز کو اسلام آباد اتارا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دبئی سے غیر ملکی ایئر لائن کی شیڈول پرواز ایف زیڈ 301 مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے کابل پہنچی تاہم کابل میں موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز نے ایک گھنٹہ تک فضاء میں چکر کاٹ کر لینڈنگ کا انتظار کیا، موسم مسلسل خراب ہونے کی وجہ سے پرواز کو پاکستان کی طرف موڑ دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی اجازت ملنے پر دبئی کابل پرواز نے اسلام آباد لینڈ کیا، مسافر طیارے میں موجود رہے، کابل میں موسم بہتر ہونے پر پرواز دوپہر 12 بجے اسلام آباد سے منزل کے لیے روانہ ہو گئی۔

قومی خبریں سے مزید