• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

26 نومبر کو اتنا بڑا سانحہ ہوا، وزیراعظم کیلئے مناسب نہیں ایپکس فورم پر گولی چلنے کا انکار کرے، گنڈاپور


وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ 26 نومبر کو اتنا بڑا سانحہ ہوا، ملک کے وزیراعظم کےلیے مناسب نہیں کہ ایپکس فورم پر گولی چلنے کا انکار کرے، 13شہداء کی تصدیق ہوچکی، انصاف مانگتے رہیں گے۔

ایپکس کمیٹی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ امن و امان کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

علی امین نے کہا کہ سرحد پار سے آنے والے عناصر کو روکنا جن کی ذمہ داری ہے وہ پوری کریں ہم ساتھ ہیں، افغانستان سے جرگہ کے ذریعے بات چیت کےلیے کے پی حکومت اور قبائلی عمائدین کو کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے۔

خیال رہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر یلغار ہوئی، سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان اٹھایا گیا، سوشل میڈیا پر حقائق کو مسخ کرکے پروپیگنڈا کیاجاتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے، بیرونِ ملک بیٹھے عناصر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، ڈیجیٹل دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے، صوبے اور وفاق سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے خلاف کمپین چلا رہے ہیں، یہ بہت بڑا خطرہ ہے، اسلام آباد پر چڑھائی ہوئی، رینجرز کے جوان شہید ہوئے، پولیس، پاک فوج کے جوان اور افسران جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید