پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے محمود اچکزئی کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ محمود اچکزئی جیسے سینئر اور قابل احترام سیاستدان سے ایسی خلافِ حقیقت گفتگو کی توقع نہیں تھی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ شہباز شریف نے تین بار وزارت عظمیٰ کی پیشکش ٹھکرائی لیکن بڑے بھائی سے بے وفائی نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نہ صرف اپنے بھائی کے ساتھ ہر طوفان میں ڈٹ کر کھڑے رہے بلکہ ہمیشہ ان کے ساتھ جیل بھی گئے، بدترین صعوبتیں برداشت کیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے مخلص برادرانہ رشتے میں دراڑ کی قیاس آرائیاں چالیس سال سے جاری ہیں جو ہمیشہ جھوٹ اور پروپیگنڈا ثابت ہوئیں۔
ن لیگ کی مرکز سیکرٹری اطلاعات نے مزید کہا کہ شہباز شریف واحد مثال ہیں، وزیراعظم کی کرسی پر بھائی کی وفاداری کو ترجیح دی، شہباز شریف اخلاص کے امتحان میں ہمیشہ کھرے اترے ہیں۔