کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں ایک اور بچہ شدید سردی سے جم کر شہید ہوگیا، ہائپوتھرمیا سے شہید بچوں کی تعداد 8ہوگئی ہے، حالیہ واقعے میں ایک اور شیر خوار بچہ ہائپوتھرمیا کا شکار ہوا، چند روز قبل اس کا بھائی سردی سے شہید ہوا تھا۔ غزہ میں جاری اسرائیل کی نسل کشی کے دوران درجہ حرارت گرنے سے غزہ میں ہائپوتھرمیا کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والا یہ آٹھواں بچہ ہے۔ بچے کی ماں نے الجزیرہ کو بتایا "میں یوسف کی ماں ہوں۔ میں نے اسے کھو دیا۔ انہوں نے میرے بچے کے ساتھ خوشی محسوس کرنے کے لیے ایک لمحہ بھی نہیں دیا"۔ بچے کا والد اسپتال کے مردہ خانے میں رو رہا تھا۔ اس نے بتایا کہ یہ واحد بچہ نہیں ہے جسے اس نے کھو دیا ہے۔ سردیوں کے آغاز سے اب تک وہ اپنے دو بچے کھو چکے ہیں۔ ان دونوں کا انتقال ہائپوتھرمیا سے ہوا۔ اسرائیلی بمباری کے دوران غزہ میں پناہ گاہوں کی کمی اور شدید موسمی حالات کی وجہ سے فلسطینیوں کے مصائب مزید بڑھ گئے ہیں۔