• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: منشیات کیس میں گرفتار خاتون کی درخواست ضمانت مسترد

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے منشیات کیس میں گرفتار خاتون کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے انسدادِ منشیات عدالت کو کیس کا ٹرائل 8 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ چالان پیش ہو چکا ہے، ٹرائل جَلد مکمل ہو سکتا ہے، ضمانت مسترد کی جاتی ہے۔

دورانِ سماعت اینٹی نارکوٹکس فورس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ کو 9 کلو 600 گرام چرس پشاور لے جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اے این ایف کے مطابق خفیہ اطلاع پر مسافر وین کی تلاشی کے دوران ملزمہ سے چرس برآمد ہوئی، ملزمہ کے وکیل نے زیادہ عمر اور صحت کی خرابی کی بنیاد پر ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی، وکیل کے مطابق ملزمہ خرابیٔ صحت کے باعث علاج معالجے کے لیے اسپتال میں داخل ہے، اے این ایف کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے ملزمہ کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی، اےاین ایف نے ملزمہ سے چرس برآمدگی کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی عدالت میں پیش کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چرس برآمدگی کے 72 گھنٹے کے اندر کیے گئے کیمیکل جائزے کے نتائج مثبت آئے، مقدمےکا چالان 10 اکتوبر کو متعلقہ عدالت میں جمع کرایا جا چکا ہے، میڈیکل رپورٹس کے مطابق ملزمہ کو کوئی جان لیوا بیماری نہیں، اس کا علاج معالجہ جاری ہے، ملزمہ کا علاج دورانِ حراست بھی جاری رکھا جا سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید