ملتان(سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کا بہاول پور میں آج 23 جولائی کوہونے والاضلعی کنونشن ملتوی کردیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے ملک بھر سے سرکردہ رہنماؤں کو مشاورت کے لئے دبئی بلا لیا گیا ہے جس کی وجہ سے کنونشن کو ملتوی کردیا گیا ہے ، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بھی اجلاس میں شرکت کرنا تھی مگر ای سی ایل میں نام کی وجہ سے وہ نہ جاسکے ، گزشتہ روز تک اس حوالے سے کوشش کی جاتی رہی مگرانہیں باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ، سید یوسف رضا گیلانی آج لاہور سے ملتان پہنچیں گے جہاں وہ 24 جولائی کو ضلع ملتان میں پیپلزپارٹی کے ضلعی کنونشن میں شرکت کریں گے ، پارٹی ترجمان کے مطابق ملتان سمیت دیگر اضلاع کے کنونشن جاری شدہ شیڈول کے مطابق ہو ں گے۔بہاول پور کنونشن کی تاریخ کا اعلان بعدمیں کیا جائےگا۔