پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہاؤس اریسٹ آفر اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کی طرف سے محسن نقوی نے کی تھی۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہاؤس اریسٹ کی آفر رد کی گئی، اس آفر سے انکار پر تین ہفتے یا 20 دسمبر کو بانی کی رہائی کی پیشکش ہوئی، یہ پیشکش بھی محسن نقوی کے ذریعے کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کا سانحہ ہوا تو حالات تبدیل ہوگئے اور سیاسی قیادت سے مذاکرات شروع ہوگئے۔ ماضی میں اسٹیبلشمنٹ وقتاً فوقتاً ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹ رابطہ کرتی رہی ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کے سانحہ کے بعد اب کوئی بیک ڈور مذاکرات نہیں ہو رہے۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم میں محسن نقوی کو شامل کیا جاتا تو شاید یہ ملاقات ہوچکی ہوتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ محسن نقوی صاحب مذاکراتی ٹیبل پر بڑی لچک دکھاتے ہیں۔