انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے لیے خراب پرفارمنس کے باوجود کپتان روہت شرما ٹیم میں برقرار رہیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں ویرات کوہلی بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے جبکہ جسپریت بمرا نائب کپتان ہوں گے۔
روہت شرما اور ویرات کوہلی کا انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی کھیلنے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بورڈر گواسکر ٹرافی تین ایک سے ہارنے کا ریویو ضرور ہو گا تاہم ٹیم میں تبدیلی ممکن نہیں ہے۔
بھارتی بورڈ آفیشل نے کہا کہ اس وقت فوکس چیمپئنز ٹرافی پر ہے، ایک مضبوط کمبی نیشن بنانا ہے۔
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو کھیلا جائے گا جبکہ 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 6 فروری سے ہو گا۔
انگلینڈ کیخلاف سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان اگلے چند روز میں متوقع ہے۔