کینیڈا کے سب سے بڑے صوبے اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کینیڈا کو 51 ویں امریکی ریاست میں تبدیل کرنے کے بار بار بیانات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں انہیں امریکا کی دو ریاستیں الاسکا اور مینیسوٹا خریدنے کی جوابی پیش کش کرتا ہوں۔
ڈگ فورڈ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مذاق کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ٹرمپ کو ایسے تبصرے پسند ہیں مگر میں اسے سنجیدگی سے لیتا ہوں، وہ شاید مذاق کر رہے ہوں مگر میرے ہوتے ہوئے ایسا کبھی نہیں ہو گا۔
ڈگ فورڈ نے کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا پر ٹیکس عائد کیے تو ہمیں سرحد کے جنوب میں اپنے دوستوں کے خلاف سخت جوابی کارروائی کرنی پڑے گی جو بدقسمتی کی بات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اونٹاریو نے کینیڈا امریکا سرحد پر غیر قانونی تارکینِ وطن، منشیات اور اسلحے کی ترسیل روکنے کے لیے حفاظتی انتظامات بڑھا دیے ہیں اور اس سلسلے میں دوسرے پریمیئرز سے ملاقات کر رہا ہوں۔
بعد ازاں ڈگ فورڈ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ کینیڈا اور امریکا کرۂ ارض پر سب سے امیر، سب سے خوش حال، محفوظ اور کامیاب ترین ممالک ہوں، اس کے لیے کینیڈا کے پاس اہم معدنیات، تیل اور جوہری توانائی موجود ہے، آئیے مل کر کام کریں۔