بالی ووڈ کی معروف ڈانسر و اداکارہ ملائکہ اروڑا اپنی فٹنس کی وجہ سے انڈسٹری میں اور اس کے باہر بھی بہت مشہور ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 51 سالہ ملائکہ اروڑا کو اپنی فٹنس کے حوالے سے بہت حساس اور محنت کرنے والا شخص سمجھا جاتا ہے۔
اداکارہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی نظر ڈالی جائے تو وہاں سے بھی یہی معلوم ہوتا ہے کہ اداکارہ اپنی فٹنس، خوراک اور لائف اسٹائل کو لے کر بہت سنجیدہ ہیں۔
ملائکہ اروڑا خود کو فٹ رکھنے کے لیے بہترین خوراک کے ساتھ ساتھ ایکسر سائز اور یوگا پر بھی خوب توجی دیتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملائکہ اروڑا روزانہ صبح کے اوقات میں سورج کی کرنوں کے ذریعے وٹامن ڈی حاصل کرتی ہیں۔
اس کے لیے اداکارہ صبح کے وقت سورج کی روشنی میں بیٹھتی ہیں یا پھر یوگا بھی کھلے آسمان کے نیچے کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ موسمِ سرما کے دوران لوگ گرم اور آرام دہ محسوس کرنے کے لیے زیادہ تر وقت گھر کے اندر گزارتے ہیں اور دن چھوٹے ہو جانے کی وجہ سے سورج کا دورانیہ بھی کم ہوجا تا ہے جس سے قدرتی طور پر وٹامن ڈی حاصل کرنے کا یہ ذریعہ کم یا ختم ہو جاتا ہے۔
یاد رہے کہ انسانی جسم سورج کی روشنی میں وٹامن ڈی بناتا ہے، وٹامن ڈی کے حصول کے لیے سب سے آسان طریقہ سورج کی روشنی ہے۔