پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ حکومتی نمائندوں کو القادر ٹرسٹ کے فیصلے کا پہلے سے معلوم ہے۔
خواجہ آصف اور طلال چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف اور طلال چوہدری کی پریس کانفرنس سے واضح ہوگیا انہیں فیصلے کا پہلے سے علم ہے، یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ فیصلہ کہاں لکھا گیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ پوری دنیا کو القادر ٹرسٹ کیس کا پتہ ہے کہ یہ ایک فلاحی ادارہ ہے، یہ ادارہ منافع بخش نہیں اور نہ اس سے بانی پی ٹی آئی کو کوئی فائدہ ملا۔ کیس میں شفاف ٹرائل نہیں ہوا، نہ بانی کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد ملے، یہ سراسر ایک سیاسی انتقامی کارروائی کا کیس ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکمران اپنے مفاد کی خاطر 26ویں آئینی ترمیم پاس کریں گے تو انصاف نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ کو متنازع بنا کر من پسند فیصلے لیں گے تو انصاف کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ پہلے سے طے شدہ ہے، یہ فیصلہ حکومت کے بھی علم میں ہے جو سراسر انصاف کا قتل ہے۔