• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عافیہ صدیقی کیس سے متعلق آئندہ ہفتہ اہم ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کر دی۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل دوسری عدالت میں ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے۔

دورانِ سماعت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے عدالت کو بتایا کہ وزیرِ اعظم کے امریکی صدر کو خط پر جواب موصول نہیں ہوا، امریکا سے یہ بھی جواب نہیں آیا کہ خط موصول ہو گیا ہے یا نہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ عافیہ صدیقی کیس سے متعلق آئندہ ہفتہ اہم ہے، وزارتِ خارجہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے تعاون کرے، 20 دسمبر کو وزیرِ اعظم کے بیرونِ ملک دوروں کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

نمائندۂ وزارتِ خارجہ نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ چین میں ہیں، اس لیے تفصیلات نہیں دے سکے، وقت دیا جائے۔

عدالت نے وزیرِ اعظم کے بیرونِ ملک دوروں کی تفصیلات دینے کے لیے اگلے ہفتے تک مہلت دے دی۔

درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکا پہنچ گئی ہیں، ان کی تاحال امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر سے ملاقات نہیں ہو سکی۔

عدالت نے حکم دیا کہ وزارتِ خارجہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے امریکا میں پاکستانی سفیر کی ملاقات یقینی بنائے۔

قومی خبریں سے مزید