اٹلی میں قید ایرانی تاجر محمد عابدینی کو رہا کر دیا گیا۔
اس حوالے سے اطالوی وزیرِ انصاف کارلو نارڈیو کا کہنا ہے کہ ایرانی تاجر کو قانونی طور پر امریکا کے حوالے نہیں کر سکتے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی تاجر کو دسمبر میں امریکا کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ پر اٹلی کے شہر میلان سے گرفتار کیا گیا تھا۔
امریکی محکمۂ انصاف نے 38 سالہ محمد عابدینی اور 42 سالہ مہدی محمد پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے امریکا سے ایران کو ڈرون ٹیکنالوجی دینے کی سازش کی تھی۔
الزام عائد کیا گیا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی اردن میں ہونے والے ڈرون حملے میں استعمال ہوئی تھی، جس میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اطالوی وزیرِ انصاف کارلو نارڈیو نے میلان کی عدالت میں یہ درخواست درج کرائی ہے کہ عابدینی کی گرفتاری کو منسوخ کیا جائے۔
وزیرِ انصاف کا کہنا ہے کہ اٹلی سے عابدینی کو امریکا کے حوالے نہیں کیا جا سکتا کیوں کہ موجودہ قانون کا صرف سزا یافتہ شخص پر اطلاق ہوتا ہے۔