• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سے دوستی گرمجوشی اور اعتماد پر مبنی ہے، پاکستان

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوستی گرمجوشی، مستحکم تعاون اور اعتماد پر مبنی ہے، کئی دہائیوں سے پروان چڑھا یہ رشتہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیح ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ باہمی گہرے، کثیر جہتی تعلقات تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ 

ترجمان نے کہا کہ برطانیہ میں 17 لاکھ پاکستانیوں کی موجودگی دونوں ممالک میں مضبوط ربط فراہم کرتی ہے، برطانیہ میں بڑھتی نسل پرستانہ اور اسلامو فوبک تبصروں پر گہری تشویش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی نژاد شہریوں کی برطانیہ کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی بھرپور تاریخ ہے، اب پاکستان سے تعلق رکھنے والے مسلمان فوجیوں کی ایک بڑی تعداد نے برطانوی ہندوستانی فوج میں خدمات دیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ان فوجیوں نے دونوں عالمی جنگوں میں جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستانی نژاد برطانوی صحت اور خدمات کے شعبوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بہت سے پاکستانی نژاد برطانوی اعلیٰ عوامی عہدوں پر فائز ہیں، پاکستانی نژاد برطانوی پولیس اور میونسپل سروسز میں خدمت انجام دے رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ چند افراد کے افعال کی بنیاد پر اتنی بڑی اور متنوع کمیونٹی کو بدنام کرنا قابلِ مذمت ہے۔

قومی خبریں سے مزید