• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا اسمبلی مراعات، اختیارات و استثنیٰ ایکٹ کی تفصیلات آگئیں

خیبر پختونخوا اسمبلی مراعات، اختیارات و استثنیٰ ایکٹ 2026 کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

تفصیل کے مطابق ارکان اسمبلی کو یومیہ سفری، رہائشی، ٹیلیفون، طبی و دیگر الاؤنسز اور سہولتیں دی جائیں گی۔

قائدِ حزبِ اختلاف کو صوبائی وزیر کے مساوی تنخواہ، الاؤنسز اور مراعات دی جائیں گی، رکن اسمبلی کی گرفتاری یا حراست سے قبل اسپیکر سے پیشگی اجازت لازمی ہوگی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان کو تمام ٹول ٹیکسوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا، ارکان کے لیے غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کی تعداد 8 کی گئی ہے۔

صوبائی اسمبلی کے ارکان اور شریک حیات کے تاحیات سرکاری پاسپورٹ کے لیے وفاق کو سفارش کردی گئی۔

ارکان 3 روز تک سرکٹ ہاؤس، ریسٹ ہاؤس یا کسی سرکاری رہائش گاہ میں مفت قیام کرسکیں گے، ایکٹ کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ ارکان کو اے اور بی کیٹیگری کی سیکیورٹی دینے کا تعین کرے گا۔

مہینے میں 3 چوتھائی اجلاسوں میں غیر حاضری پر ارکان کی تنخواہ بند کی جائے گی، جرم کی صورت میں سزا پانے والے ارکان کی تنخواہ روک دی جائے گی۔

کسی بھی رکن کو حفاظتی حراست میں لینے پر پابندی ہوگی، ہر رکن اسمبلی کو بطور معمول کیٹیگری ’بی‘ سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، خطرے کی صورت میں تھریٹ اسسمنٹ کے بعد کیٹیگری ’اے‘ سیکیورٹی دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ارکان اسمبلی کو جسٹس آف پیس کے اختیارات دیے جائیں گے، ارکان اسمبلی کو ذاتی گاڑی پر ایم پی اے کی تختی لگانے کی اجازت ہوگی، ممبران کی شریک حیات کا اسمبلی کارڈ جاری کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی نے 3 ماہ قبل ممبران مراعات اور تنخواہ الاؤنس ترمیمی ایکٹ منظور کیا، ایکٹ 2026ء کے تحت ارکان اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات کا تعین اسمبلی کی فنانس کمیٹی کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید