• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کا ایک بار پھر دشمن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم


آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایک بار پھر دشمن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پشاور کا دورہ کیا، پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے انکا استقبال کیا۔

آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور فتنہ الخوارج کیخلاف جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی بریفنگ میں شریک تھے۔

آرمی چیف نے مختلف سیاسی جماعتوں کے خیبر پختونخوا کے سیاستدانوں سے بھی الگ الگ بات چیت کی۔

اس دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم کا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ دشمن بھاری نقصان اٹھاتے رہیں گے اور نقصان پہنچانے کی ان کی صلاحیت ختم ہوجائے گی۔ دشمن اختلاف اور خوف کے بیج بونے کی کوشش کر سکتا ہے لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیرمتزلزل عزم اور بےمثال قربانیوں کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہم برائی کی قوتوں کیخلاف متحد ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ اپنی سیکیورٹی فورسز کی شاندار کامیابیوں پر بےحد فخر ہے۔ ہم نے اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر دہشت گرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کو کامیابی سے کم کردیا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ افواج نے انتھک محنت سے دہشت گردوں کے اہم سرغنوں کا تعاقب کر کے انہیں ختم کیا۔ افواج پاکستان نے دہشتگردوں کے بنیادی ڈھانچے اور ان کے سیلز کا خاتمہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے یہ واضح پیغام گیا کہ دہشت گردی کی ہماری سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی طرف سے لاحق خطرات ناکام بنانے میں مصروف ہیں۔ ہر آپریشن سیکیورٹی فورسز کی جرات، پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے غیرمعمولی حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ یہ جوان قوم کی خودمختاری کے تحفظ کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں، یہ مادر وطن اور اس کے لوگوں کے تحفظ کیلئے اپنے مشن میں پُرعزم ہیں۔ یہ جنگ جاری ہے اور ہم اسے منطقی نتیجے تک پہنچائیں گے۔

سیاسی نمائندوں نے دہشت گردی کیخلاف مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کیا۔ شرکاء نے دہشت گرد گروپس کیخلاف سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ایک متحد محاذ کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

قومی خبریں سے مزید