• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جو آنے والے وقت میں ملکی معاشی ترقی میں بنیاد ی کردار ادا کرنے والا ہے۔ گوادر بندرگاہ کی تعمیر اور سی پیک منصوبوں سے اس معاشی ترقی کا آغاز ہو چکا ہے۔ یہ حقیقت سب پر عیاں ہے کہ بلوچستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را سمیت کئی دہشتگرد تنظیمیں سرگرم عمل ہیں۔ بلوچستان کی سکیورٹی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اورسکیورٹی فورسز مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں۔ تازہ ترین کارروائی میں ضلع کچھی میں 27 دہشتلردوں کو واصل جہنم کیا گیا ہے اور ان کے متعدد ٹھکانے بشمول اسلحہ ٗ گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ مارے گئے دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔ پاک افغان سرحد پر ایک جاسوس بھی مارا گیا جو دہشتگردوں کو اسلحہ و گولہ بارود اسمگل کرتا تھا۔ بھارتی جاسوس کلبھو شن کو بھی بلوچستان داخل ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان میں امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کچھی میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ہماراا لمیہ یہ ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی تو افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کر کے افغانستان سے نکل گئے مگر ہمیں مستقل طور پر دہشتگردی کی آگ میں جھونک دیا۔ نتیجتا ہماری دھرتی پر امن کا قیام ایک سراب بنا ہوا ہے اور ہمارے ازلی دشمن بھارت کو ہماری سلامتی کو کمزور کرنے کے مقاصدکی تکمیل کا نادر موقع ملا ہوا ہے۔ بلوچستان میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے یہ سب اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

تازہ ترین