پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حنا بیات کا کہنا ہے کہ بھارتی اداکار عامر خان نے ان کے پروگرام ’جیو حنا کے ساتھ‘ سے متاثر ہو کر بھارت میں اسی طرز کے اپنے پروگرام کا آغاز کیا۔
حنا بیات نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
شو کے دوران میزبان اُشنا شاہ نے ان سے سوال کیا کہ آپ ایک خوبصورت اور زبردست پروگرام کی میزبانی کرتی تھیں اور بعد میں اسی طرح کے ایک پروگرام کا آغاز بھارت میں بھی ہوا جس کی میزبانی عامر خان کرتے تھے، کیا آپ اس کے بارے میں مزید بتا سکتی ہیں کہ دونوں پروگرامز میں کیا مماثلت تھی؟
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نفسیاتی مسائل پر اب بھی کھل کر بات نہیں کی جاتی تو بہت سے ایسے موضوعات تھے جن پر بات کرنا برا سمجھا جاتا تھا تو میرا مقصد ہمیشہ لوگوں کو سامنے لائے بغیر ان کے مسائل کو حل کرنا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر ایک شخص کے ایسے کسی مسئلے پر بات کی جاتی ہے تو اس سے 10 دوسرے لوگوں کو فائدہ ہو سکتا ہے۔
اُنہوں نے وضاحت کی کہ میرے شو’اُلجھن سلجھن‘ کا ابتدائی تصور مخصوص مسائل پر مرکوز تھا جس کا بعد میں نام تبدیل کر کے ’جیو حنا کے ساتھ‘ رکھ دیا گیا۔
حنا بیات نے بتایا کہ میری ٹیگ لائن ہمیشہ تھی ’زندگی میں، ہم صرف زندہ رہنا نہیں چاہتے بلکہ ہم جینا چاہتے ہیں‘ اور جینے کے لیے انسان کو بہت سے کام کرنے پڑتے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پھر بھارت میں ایک ایسا ہی پروگرام نشر ہونے لگا جس کا نام ’ستیہ میو جیتے‘ تھا، اس پروگرام کو دیکھ کر سب نے کہا کہ اس پروگرام کا سیٹ اور کانٹینٹ بالکل ہمارے پروگرام سے ملتا ہے تو میں یہ نہیں کہوں گی کہ اُنہوں نے ہمارے پروگرام کی کاپی کی لیکن ہاں وہ لوگ ہمارے پروگرام سے متاثر ضرور تھے۔