کراچی کے علاقے لیاری کلاکوٹ میں زیرِ تعمیر عمارت کے پلاٹ پر دستی بم حملے کا مقدمہ بلڈر حاجی عبدالوہاب کی مدعیت میں کلاکوٹ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی اور قتل بالسبب کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
بلڈر حاجی عبدالوہاب نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ میرے پلاٹ کے گیٹ پر دستی بم کے حملے کی وجہ سے سوراخ ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص دستی بم پھینک کر فرار ہو گیا، اس حملے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بلڈر نے بتایا ہے کہ انہیں کسی دھمکی یا بھتے کی کال موصول نہیں ہوئی، البتہ بلڈر کے مختلف تنازعات بھی چل رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق دستی بم حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھی جا رہی ہے۔