سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس سے متعلق برطانوی عدالت کہتی ہے یہ دوطرفہ معاہدہ ہے اس میں حکومت پاکستان کا عمل دخل نہیں۔ ہم 190 ملین پاؤند کیس پر ایک دو دن میں ہائیکورٹ جائیں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے میں لکھا گیا یہ رقم اس لیے ریلیز کر رہے ہیں کہ حکومت پاکستان کے اکاؤنٹ میں ڈالیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا این سی اے برطانیہ نے کہا کہ پیسے ریاست پاکستان کو دیے جائیں گے، اس ایک جملے کو لے کر کہا گیا کہ یہ پیسہ خزانے کے بجائے سپریم کورٹ میں گیا۔
انکا کہنا تھا کہ 6 نومبر 2019 کو پریس ریلیز اور معاہدہ کیا گیا، این سی اے برطانیہ نے معاہدے کو خفیہ رکھنے کا کہا، 6 نومبر کے فیصلے پر 29 نومبر کو عمل درآمد ہوچکا تھا۔
پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سرکارکی زمین جب مفت دی اس کی ادائیگی سرکار کو ہی ہوگی۔ تمام زمین کی ادائیگی کی رقم ریاست کو آنا تھی، باہر سے پیسہ سپریم کورٹ کے پاس آیا۔
انہوں نے کہا کہ 23 نومبر 2023 کو 171 ملین پاؤنڈ اسٹیٹ بینک میں گئے، 94 ارب روپے 9 جنوری کو وفاقی اور سندھ حکومت کو منتقل کیے گئے، کون کہتا ہے کہ ریاست پاکستان یا کسی اکائی کو ایک پیسے کا نقصان ہوا؟