وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حج 2025ء کی تیاری میں کسی قسم کی لاپروائی قبول نہیں۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت حج 2025ء کی تیاریوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج 2025ء میں حجاج کرام کو ہر قسم کی معاونت و سہولت یقینی بنائی جائے، حج تیاریوں سے متعلق جامع بریفنگ تیار کر کے آئندہ چند روز میں پیش کی جائے۔
شہباز شریف نے معاونینِ حج کے انتخاب کے طریقہ کار، ذمے داریوں اور دیگر انتظامات پر بریفنگ طلب کر لی۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کو حج 2025ء سے متعلق تربیت کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
انہوں نے حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابل افسران تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معاونین کے انتخاب کے طریقہ کار میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔