چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہماری شرط ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے 7 دن میں کمیشن نہ بنا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہو گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کا انتظار کر رہے ہیں وہ کیا پیش رفت بتاتے ہیں، اگر کمیشن نہیں بننے جا رہا تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عرفان صدیقی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان ہیں، ان کے لیے مناسب نہیں وہ مذاکرات کو تعطل کا شکار کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ملاقات لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال پر ہوئی ہے، لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال پر ملاقات پر ایشو کھڑا نہیں کرنا چاہیے، ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ حکومت کو گھبراہٹ ہے کیونکہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے، حکومت کو مذاکرات پر توجہ دینی چاہیے، ہم سمجھتے ہیں مذاکرات کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں تحمل اور برداشت کے ساتھ مذاکرات پر فوکس کرنا چاہیے، بات آگے بڑھانے کے لیے جلد بازی کے بجائے تحمل سے کام لینا ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے دعوت نامے سرکاری سطح پر نہیں آئے، ان کے دعوت ناموں سے متعلق ان کی الیکشن کمیٹی فیصلہ کرتی ہے۔