کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے عملے نے پشاور ایئرپورٹ پر چیکنگ کے دوران جدہ کے مسافر کے پاس موجود کپڑوں میں جذب 11 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اے ایس ایف حکام کے مطابق چیکنگ کے دوران ماہر عملے نے مسافر بخت زمین کے سامان میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی کی۔ مسافر نے آئس ہیروئن کوٹڈ کپڑے اپنے سامان میں مہارت سے چھپا رکھے تھے تاہم اے ایس ایف کے پیشہ ورانہ مہارت کے حامل عملے نے نہ صرف ان کپڑوں میں منشیات کی موجودگی کا پتہ لگالیا بلکہ کارروائی کرتے ہوئے مسافر سے 11 کلوگرام سے زائد وزنی آئس ہیروئن کوٹڈ کپڑے برآمد کرکے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش بھی ناکام بنادی۔ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔