سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے ریٹائرڈ ملازم کے واجبات کی عدم ادائیگی کے کیس میں ٹاؤن میونسپل کمشنر کو 28 جنوری تک پیش نہ ہونے پر گرفتار کر کے پیش کیے جانے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں ٹاؤن میونسپل کمشنر بلدیہ کے ریٹائرڈ ملازم کے واجبات کی عدم ادائیگی کے کیس پر جسٹس کے کے آغا نے سماعت کی۔
عدالت نے ٹاؤن میونسپل کمشنر بلدیہ محمد عارف کے عدم پیشی پر وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن میونسپل کمشنر 28 جنوری تک پیش نہ ہوں تو انہیں گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔
دورانِ سماعت ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے وکیل نے اپنے مؤقف میں کہا کہ لوکل گورنمنٹ ملازم محمد سعید ریٹائرڈ ہو چکے ہیں، ان کی پنشن روک لی گئی ہے، ریٹائرڈ ملازم کا ٹاؤن میونسپل کارپوریشن سے تعلق نہیں، کےایم سی پنشن دینے کی پابند ہے۔
اس پر جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ دونوں محکموں کے درمیان جو بھی مسئلہ ہے حل کریں اور رپورٹ دیں۔
عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبی کے باوجود ٹاؤن میونسپل کمشنر پیش کیوں نہیں ہوئے؟
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئندہ سماعت پر محمد عارف پیش ہو جائیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر محمد عارف پیش نہ ہوئے تو انہیں گرفتار کرا کے عدالتی حکم کی تعمیل کرانا جانتے ہیں۔