سندھ اسمبلی نے طلباء یونین کے انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق کی قرارداد اکثریت رائے سے مسترد کر دی۔
اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے کہا ہے کہ طلباء یونین بحال کر کے دو ماہ میں الیکشن کے احکامات دیے گئے تھے۔
محمد فاروق نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی طلباء یونین کے انتخابات کروانے کے احکامات دیے تھے، طلباء کے بنیادی حقوق کے مطابق جلد از جلد طلباء یونین کے انتخابات کروائیں جائیں۔
وزیرِ پارلیمانی امور اور وزیر داخلہ سندھ ضیاء النجار نے کہا کہ طلباء یونینز پر عملدرآمد ہو رہا ہے، طلباء یونینز پر پیپلز پارٹی کا بھی اپنا مؤقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلباء یونینز کا معاملہ ہمارے منشور میں بھی موجود ہے اس پر کام ہو رہا ہے، میرے حساب سے اس قرارداد کی ضرورت نہیں ہے۔
ضیاء النجار کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے طلباء یونینز سے پابندیاں ہٹا دی ہیں۔