کراچی میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک سے ملنے والا رقم سے بھرا بیگ مالک کےحوالے کردیا۔
کراچی ضلع ساؤتھ کے سب انسپکٹر رانا محمد لطیف اور ڈرائیور کانسٹیبل میر زمان کو خیابان اتحاد سے پیٹرولنگ کے دوران ہینڈ کیری بیگ ملا، بیگ کو چیک کرنے پر اس میں 5 لاکھ 15 ہزار کی رقم اور 2 پاسپورٹ موجود تھے۔
پولیس اہلکاروں نے رابطہ کر کے محمد یوسف نامی شہری کو بلوایا اور پرس اس کے حوالے کیا۔
شہری نے بتایا کہ وہ ٹریول ایجنٹ کے پاس عمرے کی ادائیگی کے لیے رقم جمع کروانے آیا تھا، اس دوران اس کا بیگ سڑک پر گر گیا تھا۔
شہری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کراچی ٹریفک پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی احمد نواز نے سب انسپکٹر رانا محمد لطیف اور کانسٹیبل میر زمان کو ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے پر اسناد اور نقد رقم انعام میں دی۔