کراچی ٹریفک پولیس میں گزشتہ 5 سال سے عارضی طور پر خدمات سر انجام دینے والے سندھ کے مختلف اضلاع کے لگ بھگ 2900 پولیس اہلکاروں کو تبادلہ کر کے ان کی تقرری کے اضلاع میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔
کراچی پولیس آفس (کے پی او) کے ذرائع کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں دسمبر 2016ء میں بھرتی کیے گئے 3200 پولیس اہلکاروں کو 5 سال کے لیے تبادلہ کر کے مشروط طور پر ٹریفک پولیس میں تعینات کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ان اہلکاروں نے کراچی ٹریفک پولیس میں خدمات کے 5 سال پورے کر لیے ہیں، ایسے میں انہیں ان کی بھرتی کے اضلاع میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔
کے پی او ذرائع کے مطابق گزشتہ 5 سال کے عرصے میں لگ بھگ 150 اہلکار اچھے مستقبل کی خاطر پولیس کی ملازمت چھوڑ گئے۔
باقی بچنے والوں میں سے مستقل طور پر کراچی میں تعیناتی رکھنے کے خواہش مند پولیس اہلکاروں سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ایسے لگ بھگ 300 سے زائد اہلکار کراچی پولیس میں رہنے کے خواہش مند ہیں جبکہ دیگر لگ بھگ 29 سو سے زائد اہلکار واپس جانا چاہتے ہیں، جن کے مرحلہ وار تبادلے کیے جا رہے ہیں۔
کے پی او ذرائع کے مطابق ان تمام اہلکاروں کو یک مشت واپس روانہ نہیں کیا جا رہا بلکہ ایسے اہلکاروں کے تین تین سو کے بیجز بنائے گئے ہیں۔
ہر دو تین ماہ بعد 300 اہلکاروں کو واپس ان کے اضلاع بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس سے اہلکاروں کے سندھ کے مختلف اضلاع واپس جانے کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پر کراچی میں براہِ راست اہلکاروں کی بھرتی کی جائے گی۔