واشنگٹن (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکا میں سیکڑوں غیر قانونی وطن کو گرفتار کرلیا گیا ہے، سیکڑوں کو فوجی طیارے کے ذریعے سے ملک بدر کردیا گیا، وائٹ ہائوس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وعدے کے مطابق تاریخ میں ملک بدری کی سب سے بڑی کارروائی جاری ہے،اقوا م متحدہ نے کہا ہے کہ امریکا پناہ کے عالمی حق کا احترام کرے۔ ٹرمپ کے پریس سکریٹری نے کہا کہ ان کی انتظامیہ کے چند ہی ایام میں امریکی حکام نے ایک بڑی کارروائی میں538غیر قانونی تارکینِ وطن کو گرفتار کیا اور سیکڑوں کو ملک بدر کر دیا ہے، اقوام متحدہ کے حقوق کے دفتر کی ترجمان روینا شمداسانی نے کہا کہ اگر چہ ممالک اپنی بین الاقوامی سرحدوں کیساتھ اپنے دائرہ اختیار کو استعمال کرنے کے حقدار ہیں تاہم انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ "پناہ کی درخواست دینا ایک عالمی طور پر تسلیم شدہ انسانی حق ہے۔ ٹرمپ کی پریس سیکرٹری نے مزید کہا کہ سیکڑوں " کو فوجی طیارے کے ذریعے ملک بدر کیا گیا۔انہوں نے کہا، "تاریخ میں ملک بدری کی سب سے بڑی کارروائی بخوبی جاری ہے۔ جو وعدے کئے گئے تھے، وہ پورے ہوئے۔" ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران غیر قانونی نقلِ مکانی کے خلاف کریک ڈاؤن کا وعدہ کیا تھا اور اپنی دوسری صدارتی میعاد کے آغاز میں ہی ایسی کارروائیاں کی ہیں جن کا مقصد امریکا میں داخلے پر پابندی بحال کرنا تھا۔