بالی ووڈ ڈانسر نورافتحی اور اداکار سنجے دت پر فلمائے گئے گانے ’سرکے چنر تیری‘ پر اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے ردعمل دیا ہے۔
فلم دی ڈیول، ڈی کے کے نئے گانے میں متنازع اور جنسی نوعیت کے بولوں کی وجہ سے شدید ردعمل آیا ہے، گانے کا ہندی ورژن یو ٹیوب سے ہٹادیا گیا ہے۔
کنگنا رناوت نے گانے کو فحاشی کی انتہا قرار دیا، بالی ووڈ پر سخت تنقید کی، جس نے تمام حدیں پار کرلی ہیں اور اس کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اداکارہ و سیاستدان نے مزید کہا کہ بالی ووڈ نے توجہ حاصل کرنے کے چکر میں فحاشی اور دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے تمام حدیں پار کرلی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پورا ملک ان کی مذمت کر رہا ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ انہیں کوئی شرم ہے، میرا خیال ہے کہ بالی ووڈ پر سخت پابندیاں لگانا ضروری ہوگیا ہے۔
گلوکار ارمان ملک نے بھی گانے کے الفاظ کو کمرشل موسیقی کی گرتی ہوئی سطح کی ایک مثال قرار دیا ہے۔
ایک وکیل نے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیٹ (سی بی ایف سی) سے گانے پر پابندی کا مطالبہ کیا اور دہلی پولیس کے سائبر سیل میں فوجداری شکایت درج کرائی ہے۔