• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ایچ کیو حملہ کیس: وکلا صفائی کی 9 مئی کے 13 مقدمات یکجا کرنے کی درخواست

کولاج فوٹو: سوشل میڈیا
کولاج فوٹو: سوشل میڈیا

بانی پی ٹی آئی کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے۔ وکلا صفائی نے 9 مئی سے متعلق 13 مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست دائر کردی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 29 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ استغاثہ کے مزید 3 گواہان کے بیان ریکارڈ ہونے کے بعد مقدمہ میں مجموعی طور پر 12 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے۔

پراسیکیوشن آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی درخواست بریت پر بحث مکمل کرے گی۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو ٹرائل میں بیٹھنے کی اجازت دینے کی درخواست منظور کرلی۔ بشریٰ بی بی کو جی ایچ کیو ٹرائل میں بیٹھنے کی اجازت دینے پر پراسیکیوشن نے اعتراض دائر کردیا۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی ایک مقدمہ میں مجرم ہیں، عدالت سے سزا ہو چکی، قانون میں مجرم کو کسی مقدمہ کے ٹرائل میں بیٹھنے کی اجازت دینے کی گنجائش نہیں۔ 

وکلا صفائی کی جانب سے 9 مئی سے متعلق 13 مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست بھی دائر کردی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ تمام مقدمات میں ایک ہی سازش کا ذکر ہے، ایک ہی فرد جرم عائد کی جائے۔ 9 مئی سے متعلق تمام مقدمات یکجا کر کے ایک ہی ٹرائل کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید