چین میں سوشل میڈیا پر ایک ایسی لڑکی کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں جو دیکھنے میں بالکل روبوٹ جیسی ہے۔
ایک نوجوان چینی لڑکی ان دنوں اپنی منفرد صلاحیتوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ وہ خاص روبوٹک لباس، مشینی حرکات اور بےتاثر چہرے کے ساتھ ایک اینڈرائیڈ کا روپ دھار کر سب کو حیران کر رہی ہیں۔
جہاں دنیا بھر کی کمپنیاں روبوٹس کو زیادہ انسانی شکل دینے کےلیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں وہیں ایک نوجوان چینی لڑکی نے خود کو روبوٹ جیسا ظاہر کرنے کا انوکھا راستہ اختیار کرلیا۔
چینی سوشل میڈیا پر ’روبوٹ گرل‘ کے نام سے مشہور یہ لڑکی پہلی بار گزشتہ برس اگست میں بیجنگ میں ہونے والی ’ورلڈ روبوٹ کانفرنس 2024‘ کے دوران توجہ کا مرکز بنی۔
ایک ہائپر ریئلسٹک ہیومینائیڈ روبوٹ کے ساتھ کھڑے ہو کر انہوں نے سامعین کو الجھن میں ڈال دیا کہ ان دونوں میں سے کون انسان ہے اور کون روبوٹ؟
اس کے بعد سے وہ چین میں کافی مشہور ہو گئیں اور اب وہ وہاں کی معروف ’روبوٹ گرل‘ کے طور پر جانی جاتی ہیں۔
حال ہی میں روبوٹ گرل اس وقت وائرل ہوئیں جب انہوں نے اپنے اینڈرائیڈ کاسٹیوم پہنے اپنی آبائی گاؤں کا دورہ کیا اور وہاں کے لوگوں کو اپنی سخت مشینی حرکات اور بےتاثر چہرے سے حیرت زدہ کر دیا۔
اگرچہ یہ لڑکی اپنے روبوٹک انداز میں چہرہ بےتاثر رکھنے میں مہارت رکھتی ہیں، لیکن ایک آن لائن ویڈیو میں وہ کردار سے باہر نکل کر ہنس پڑتی ہیں۔
گاؤں کی ایک خاتون انہیں کہتی ہیں کہ اگر وہ غیر شادی شدہ ہیں تو وہ ان کے لیے ایک نوجوان لڑکے کا رشتہ ڈھونڈ سکتی ہیں، جس پر روبوٹ گرل قہقہہ لگا دیتی ہیں۔