• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کونسل یورپ کا برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام 26 جنوری کو یوم سیاہ (بھارت کے یوم جمہوریہ) کے موقع پر برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کی قیادت کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کی، جس میں متعدد کشمیری اور ان کے ہمدرد شریک ہوئے۔ 

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کیلئے اپنے وعدوں پر عمل کرے۔

‎اپنے خطاب میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر منصفانہ طور پر حل کیا جاسکے۔

‎یاد رہے کہ بھارتی یوم جمہوریہ کو مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پوری دنیا میں رہنے والے کشمیری ہر سال یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔

‎علی رضا سید نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے چاہیں، ان پر ناانصافیاں ختم ہونی چاہیں اور مسئلہ کشمیر بلاتاخیر پُرامن طور پر حل کیا جانا چاہیے تاکہ کشمیری پُرامن اور خوشحال زندگی بسر کر سکیں۔

‎علی رضا سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے۔ انہوں نے پابند سلاسل اہم سیاسی، سماجی اور صحافتی کشمیری شخصیات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ بڑی تعداد میں کشمیری بےجرم و خطا قید ہیں، انہیں کالے قوانین کے تحت پابند سلاسل بنایا گیا ہے اور ان پر بےبنیاد مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔

‎چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے حق خودارادیت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوگی اور اس حق پر کبھی بھی سودا بازی نہیں کرے گی۔

‎مظاہرے کے دوران دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر احتجاج کا مقصد یہ ہے کہ ہم پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بھارت طویل عرصے سے غیرقانونی طور پر جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قابض ہے اور کشمیریوں کے جمہوری اور انسانی حقوق پامال کر رہا ہے۔ 

مظاہرے کے شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل کےلیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید