مصنّفہ : سارہ عمر
صفحات: 128 قیمت: 600روپے
ناشر : ایف جے پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز، لاہور۔
فون نمبر: 4716259- 0300
زیرِ نظر کتاب کی مصنّفہ کئی نثری کتب کی خالق ہیں۔ اُنہوں نے افسانہ نگاری سے اپنی ادبی زندگی کا آغاز کیا، لیکن اب ناول نگاری اُن کا ہدف ہے۔ ناول لکھنا ہما شما کے بس کی بات نہیں، اِس کے لیے عمیق تجربے اور گہرے مشاہدے کی ضرورت ہوتی ہے۔
سارہ عُمر کی’’عُمر‘‘ ابھی زیادہ نہیں ہے، توقّع ہے کہ وہ اپنے سینئر ناول نگاروں سے بھی استفادہ کریں گی۔ویسے اُن کے طرزِ تحریر سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ وہ ایک نہ ایک دن بڑے ناول نگاروں کی صف میں آجائیں گی۔
سردست اُنہوں نے چھوٹی چھوٹی کہانیوں کو ناول کا رُوپ دیا ہے اور زیرِ نظر ناول روزمرّہ کی داستانوں میں سے ایک داستان ہے، جس میں سارہ عُمر کے مکالمے، کرداروں سے عین ہم آہنگ ہیں۔ اُنہوں نے اِس ناول میں زیادہ تر خواتین کے مسائل اجاگر کیے ہیں، جب کہ مَردوں کا کردار بھی متاثر کُن ہے۔چوں کہ یہ ناول عام ڈگر سے ہٹ کر ہے، تو اگر اِسے’’اصلاحی ناول‘‘ کا نام دیا جائے، تو زیادہ مناسب ہو گا۔ یوں بھی ناول میں جگہ جگہ اخلاقی و تہذیبی اقدار کو نمایاں کیا گیا ہے۔