مصنّف : ڈاکٹر مختار ظفر
صفحات: 272 قیمت: 1000روپے
ناشر : غلام طاہر رانا پبلی کیشنز، ملتان۔
فون نمبر: 6100784 - 0333
ڈاکٹر مختار احمد ظفر’’دبستانِ ملتان‘‘ سے تعلق رکھنے والے وہ تخلیق کار ہیں، جن کی پوری زندگی جہدِ مسلسل سے عبارت ہے۔ نقّاد، ماہرِ تعلیم، صحافی۔ اُن کی زندگی کا ہر پہلو روشن و درخشاں ہے۔ ڈاکٹر مختار احمد ظفر نے ڈاکٹر اے بی اشرف کی نگرانی میں ’’ملتان کی شعری روایت‘‘ کے موضوع پر مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی۔
مختلف موضوعات پر اُن کی تقریباً 17کتابیں منظرِ عام پر آچُکی ہیں۔ ہمارے پیشِ نظر ڈاکٹر مختار احمد ظفر کی’’خود نوشت‘‘ہے، جسے اُنہوں نے اپنے اور اپنی اہلیہ کے خاندان اور اپنے اُن اساتذہ تک محدود رکھا ہے، جنہوں نے اُنہیں علمی و فکری آگہی عطا کی۔
ڈاکٹر صاحب نے بھرپور زندگی گزاری ہے، اگر وہ اپنی زندگی کے دیگر تجربات و مشاہدات کو بھی احاطۂ تحریر میں لے آتے، تو یہ کتاب دو آتشہ ہو جاتی۔ ڈاکٹر شاہد حسن رضوی نے لکھا ہے کہ’’مَیں اور میرے اپنے‘‘ اُن کی ایک طرح سے خود بیتی ہے، جسے جگ بیتی کا پیرہن عطا کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے اعزا و اقرباء، احباب اور رفقاء کی ایک کہکشاں سجائی ہے۔‘‘ نیز، کتاب کے آخر میں ڈاکٹر مختار احمد ظفر کے مکمل کوائف دیئے گئے ہیں، جن سے اُن کی شخصیت کے مختلف پہلو سامنے آئے۔