• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلمہ پڑھ کر کہتی ہوں میرا سانگھڑ واقعے سے کوئی تعلق نہیں: شازیہ مری

رہنما پی پی پی شازیہ مری---فائل فوٹو
رہنما پی پی پی شازیہ مری---فائل فوٹو 

رکنِ قومی اسمبلی اور سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شازیہ مری نے سانگھڑ دھرنے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ  کلمہ پڑھ کر کہتی ہوں اس واقعے سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔

شازیہ مری اور ایس ایس پی سانگھڑ غلام نبی کیریو سانگھڑ میں جاری دھرنے میں پہنچے۔

اس موقع پر شازیہ مری ورثاء کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لیے دھرنے میں بیٹھ گئیں۔

ایس ایس پی اور شازیہ عطاء مری سے ورثاء نے سخت سوالات کیے، ایس ایس پی نے شرکاء کو ایف آئی آر درج کروانے کی یقین دہانی کروائی۔

دھرنے کے شرکاء سے بات چیت کے دوران شازیہ مری نے کہا کہ اگر یہ پولیس کی کارکردگی ہے تو وزیرِ داخلہ کو نوٹس لینا چاہیے، وزیرِ اعلیٰ سے اپیل ہے کہ سانگھڑ کو ایسے افسران دیں جو اسے امن کا گہوارہ بنائیں۔

واضح رہے ک صوبۂ سندھ کے شہر سانگھڑ میں جونیجو برادری کے جھگڑے میں 3 افراد کے قتل و 19 افراد زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہو سکا۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل سانگھڑ کے نزدیک چوٹیاری تھانے کی حدود میں واقع جانی جونیجو گاؤں میں کھیتوں میں مویشیوں کے گھس جانے کے تنازع پر جونیجو قبیلے کے 2 گروہوں کے مابین تصادم کے نتیجے میں 3 افراد گولیاں لگنے سے جاں بحق جبکہ 3 خواتین سمیت 19 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

مسلح افراد کی ہوائی فائرنگ سے شہر کے مختلف کاروباری مراکز بھی بند ہو گئے۔

ادھر پولیس دعویٰ کر رہی ہے کہ اس نے مذکورہ واقعے میں ملوث 3 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید