• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: 11 بجے کے بعد بچوں کو تھیٹر میں لے جانے پر پابندی عائد

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اداکار الو ارجن کی ’فلم پشپا 2: دا رول‘ کے پریمیئر کے دوران سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ نے اہم فیصلہ سنادیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے پشپا 2 اور رام چرن کی فلم گیم چینجر کے لیے اسپیشل شوز کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے تھیٹرز میں بچوں کے داخلے کو صبح 11 بجے سے پہلے اور رات 11 بجے کے بعد محدود کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ریاستی حکومت اور تھیٹر انتظامیہ کو ہدایت دی کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کو صبح 11 بجے سے پہلے اور رات 11 بجے کے بعد شوز دیکھنے کی اجازت نہ دی جائے۔

جسٹس بی وجے سین ریڈی نے یہ حکم دو درخواستوں کی سماعت کے دوران دیا جن میں غیر معمولی شوز اور ٹکٹ کے اضافے پر اعتراض کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ پشپا 2: دا رول کے دوران بھگدڑ کے باعث ایک خاتون کی ہلاکت اور ان کے بیٹے کے شدید زخمی ہونے کے بعد آیا۔ عدالت نے ریاستی حکومت پر اضافی شوز اور ٹکٹ بڑھانے کی اجازت دینے پر برہمی کا اظہار کیا۔ 

عدالت نے وزارت داخلہ کے پرنسپل سیکریٹری کو تمام متعلقہ فریقین سے مشورہ کرکے ضروری اقدامات لینے کی ہدایت دی ہے۔

ریاستی حکومت پہلے ہی صبح ایک بجے سے 8 بجے تک شوز پر پابندی عائد کر چکی ہے لیکن عدالت کے اس حالیہ فیصلے کے بعد خصوصی شوز کے لیے مزید پابندیاں عائد ہوگئی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید