بھارت میں ایک ایسا موسیقار بھی ہے جس نے معاوضہ لینے میں اے آر رحمان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، صرف ایک البم کیلئے اس کمپوزر نے 10 کروڑ کا معاوضہ لیا۔
بھارت کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا میوزک کمپوزر، اے آر رحمان، اریجیت سنگھ، پریتم اور دلجیت دوسانجھ کو پیچھے چھوڑ کر 33 سال کی عمر میں ہی البم کے لیے 10 کروڑ روپے وصول کرتا ہے۔
کئی سالوں سے اے آر رحمان بھارت کے سب سے نمایاں اور کامیاب میوزک کمپوزر رہے ہیں۔ ان کے البمز بار بار چارٹ بسٹر رہے، جس کی وجہ سے وہ ہر فلم کےلیے کروڑوں روپے وصول کرتے ہیں۔
تاہم 2023 میں اس نوجوان میوزک کمپوزر نے انہیں بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارت کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا میوزک کمپوزر بننے کا اعزاز حاصل کیا اور ایک ہی پروجیکٹ کےلیے کروڑوں روپے وصول کیے۔ یہ سب کچھ انہوں نے صرف 33 سال کی عمر میں کیا۔
جیلر، پیٹا، ماسٹر اور وکرم جیسی تامل فلموں کےلیے مشہور انی رودھ رویچندر بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے میوزک کمپوزر ہیں اور اس طرح وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے میوزیشن بھی ہیں۔
2023 میں انی رودھ نے شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کے ساتھ بالی ووڈ میں اپنی پہلی کمپوزیشن پیش کی۔ انہوں نے اس فلم کےلیے 10 کروڑ روپے وصول کیے، جو اے آر رحمان کی عام فیس 7 سے 8 کروڑ روپے سے کہیں زیادہ ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ انی رودھ نے اپنی بعد کی فلموں کےلیے فیس کم کردی۔
ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے لیو اور جیلر جیسی فلموں کےلیے 8 کروڑ روپے معاوضہ لیا۔ اس کے باوجود وہ بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کمپوزر ہیں۔
بھارت کے دیگر میوزک کمپوزرز جیسے پریتم، وشال-شیکھر، ایم ایم کیراوانی اور یوون شنکر راجا ایک فلم کےلیے 5 کروڑ روپے سے کم معاوضہ لیتے ہیں۔
گلوکاروں کےلیے یہ رقم اور بھی کم ہے کیونکہ وہ ایک گانے کےلیے 15 سے 20 لاکھ روپے وصول کرتے ہیں اور ایک فلم کےلیے یہ رقم شاذ و نادر ہی ایک کروڑ تک پہنچتی ہے۔
پرائیویٹ البمز کےلیے گلوکار ایک کروڑ سے زیادہ کماتے ہیں جیسا کہ دلجیت دوسانجھ اکثر کرتے ہیں۔