پشاور ( احتشام طورو ٗ وقائع نگار ) صوبائی دارالحکومت پشاور میں 87سالہ پرانا تاریخی ناز سینما مسمار کردیا گیا اب اس جگہ پر کمرشل پلازہ تعمیر کیا جائیگا۔ پشاور میں سینمائوں کی تعداد کم ہوکر صرف پانچ رہ گئی جن میں بعض سینمائوں کو جلد گراکر کمرشل پلازوں میں تبدیل کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ناز سینما کو کچھ عرصہ قبل تھری ڈی میں تبدیل کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں مجموعی طورپر 60سے زائد سینما تھے جو اب کم ہوکر پشاور میں صرف پانچ جبکہ ایک سوات میں رہ گیا ہے اور صوبے میں مجموعی طورپر صرف 6 سینما رہ گئے ہیں یاد رہے کہ سردار ارجن سنگھ نے آسامائی دروازے کے باہر بائیسکوپ وائٹ روز تھیٹر تعمیرکرایا تھا جو سکھوں والی بائیسکوپ کہلاتی تھی شروع میں اس پر خاموش فلموں کی نمائش ہوتی تھی بعد ازاںبولتی فلموں کی نمائش شرو ع ہوئی مارچ 1938ء میں اس تھیٹر میں رنجیت مودی ٹون کی فلم ’’مٹی کے پتلے ‘‘نمائش کیلئے پیش ہوئی ۔