سر سید یونیورسٹی نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔
سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے گریڈ 01 سے گریڈ 04 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کر دیا، گریڈ 05 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان دوسرے مرحلے میں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، ان کی شمولیت کے بغیر ادارے کی ترقی اور کامیابی ممکن نہیں، لہٰذا معیاری کام اور عمدہ کارکردگی کے لیے ان کا خوش اور مطمئن رہنا بہت ضروری ہے۔
چانسلر جاوید انوار کا کہنا ہے کہ یہ قدم ہماری مثبت سوچ کا مظہر ہے اور یہ صرف آغاز ہے، ہم نے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے پی ایچ ڈی اساتذہ کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی ملازمین فرینڈلی پالیسیاں بناتے رہیں گے، گزشتہ سال اپریل میں بھی تمام اسٹاف کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا تھا، ماضی میں بھی کورونا کے دوران جہاں ادارے ملازمین کو نکال رہے تھے یا اُن کی تنخواہوں میں کٹوتی کررہے تھے، سر سید یونیورسٹی کے ملازمین کو نہ نکالا گیا نہ ان کی تنخواہوں میں کمی کی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ ابھی ہم نے صرف گریڈ 01 سے گریڈ 04 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں بقیہ گریڈز کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ یہ اضافہ ملازمین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کی ایک کوشش ہے، سر سید یونیورسٹی کی کامیابی اس کے اسٹاف کی محنت کا نتیجہ ہے اور تنخواہوں میں اضافہ ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔