نامور بالی ووڈ فلم ساز بونی کپور اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور نے کہا ہے کہ لوگ اداکاراؤں کو عدم تحفظ کا شکار بنانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ انکی بڑی بہن جھانوی کپور اداکاری کے میدان میں اپنی شناخت بنا چکی ہیں، اب خوشی کپور بھی اپنی قسمت آزمانے کیلئے تیار ہیں۔
خوشی نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم ’دی آرچیز‘ سے کیا تھا تاہم اب وہ بڑے پردے پر اپنی نئی فلم ’لوویاپا‘ کے ذریعے نظر آئیں گی۔
ایک انٹرویو میں خوشی نے بتایا، ’لوویاپا‘ کی کہانی جدید، نوجوانوں سے متعلق اور مختلف ہے، جس نے انہیں اس پروجیکٹ کی طرف متوجہ کیا۔ فلم میں ان کا کردار ان کی اصل شخصیت سے بہت مختلف ہے، جس کی وجہ سے یہ ایک چیلنج تھا۔
خوشی نے سوشل میڈیا کے دباؤ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نجی زندگی کو محفوظ رکھنا چاہتی ہیں اور ہر چیز شیئر کرنا ضروری نہیں سمجھتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر اداکاراؤں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا ایک افسوسناک رویہ ہے۔
انہوں نے کہا، ’لوگ اداکاراؤں کو عدم تحفظ کا شکار بنانا چاہتے ہیں، جبکہ ہر اداکارہ کے اپنے منفرد ہنر ہوتے ہیں۔ ہمیں خود پر یقین رکھنا چاہیے اور ان باتوں پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔‘
فلم ’لوویاپا‘ جس کی ہدایتکاری ایڈوایت چندن نے کی ہے، 7 فروری کو سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم میں خوشی کے ساتھ جنید خان، آشوتوش رانا اور ککو شرڈا بھی شامل ہیں