نامور فلم اسٹار عامر خان کے بیٹے جنید خان کو اپنے والد سے زیادہ خوبرو اداکارہ خوشی کپور کے والد بونی کپور پسند ہیں۔
واضح رہے کہ خوشی کپور آنجہانی اداکارہ سری دیوی اور فلم ساز بونی کپور کی چھوٹی بیٹی ہیں۔
او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے بعد اب جنید خان اور خوشی کپور فلم لویاپا کے ساتھ سلور اسکرین پر ڈیبیو کرنے کےلیے تیار ہیں۔ فلم 7 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم کی پروموشن میں مصروف جنید خان اکثر انٹرویوز کے دوران اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں باتیں کرتے نظر آتے ہیں۔
تاہم ایک انٹرویو کے دوران جنید خان نے خوشی کپور کے والد بونی کپور کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں، ’مجھے ان کے ساتھ وقت گزارنا بہت پسند ہے۔ میں ان کے ساتھ گھنٹوں تک بات کر سکتا ہوں۔ ان کے پاس بہترین کہانیاں ہیں اور انہیں سنیما میں تقریباً 50 برس کا تجربہ ہے۔‘
جب ان سے کہا گیا کہ ان کے والد بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان، بھی سنیما کے بارے میں قیمتی تجربات اور دلچسپ کہانیاں رکھتے ہیں جس پر جنید کے جواب نے سب کو حیران کردیا۔
جنید کا کہنا تھا کہ ’میں بونی انکل کے ساتھ بیٹھنا زیادہ پسند کروں گا۔ وہ انسائیکلوپیڈیا کی طرح ہیں اور بہت سے موضوعات پر معلومات رکھتے ہیں۔ لیکن جیسا کہ کہا جاتا ہے۔۔۔گھر کی مرغی دال برابر۔‘