اسٹاک ہوم (اے ایف پی) سویڈن میں قرآن پاک کی متعدد بار بے حرمتی کے مرتکب ملعون عراقی پناہ گزین کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا، سویڈش کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی غیر ملکی طاقت ملوث ہو سکتی ہے۔پراسیکیوٹر راسموس عمان نے تصدیق کی کہ 38 سالہ ملعون سلوان مومیکا کے قتل کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔اسٹاک ہوم کی ایک عدالت جمعرات کو فیصلہ سنانے والی تھی کہ آیا ملعون سلوان مومیکا نسلی منافرت کو ہوا دینے کا قصوروار تھا، لیکن اس نے کہا کہ اس کی موت کے نتیجے میں اس نے اپنا فیصلہ 3 فروری تک ملتوی کر دیا ہے۔سویڈش میڈیا کے مطابق جس وقت ملعون سلوان مومیکا کو قتل کیا گیا وہ ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریمنگ کر رہاتھا۔ پراسیکیوٹر راسموس عمان نے کہا کہ تفتیش ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، پانچ افراد کو جرم میں ملوث ہونے کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے۔