ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے عملے نے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر 3 مختلف کاروائیوں میں خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلی۔
حکام کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے ایک دن میں دو ایئر پورٹس پر تین بڑی کارروائیاں کیں۔
اے ایس ایف کے عملے نے پشاور سے دبئی کے مسافر کامران خان کے جوتوں سے تلاشی کے دوران 455 گرام چرس برآمد کی۔
اسی نوعیت کی دوسری کارروائی اسلام آباد ایئرپورٹ پر کی گئی جہاں عملے نے اسلام آباد سے بحرین کی پرواز کی مسافر خاتون تزیبن گل کے جوتوں میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی کی۔
خاتون نے یہ منشیات اپنے جوتوں میں بڑی مہارت سے چھپا رکھی تھی جبکہ اسلام آباد سے بحرین کیلئے سفر کرنے والے مسافر سے بھیگے کپڑے میں جذب 6.712 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
تینوں کارروائیوں میں مسافروں سے 455 گرام چرس، 1.840 کلوگرام آئس ہیروئن اور 6.712 کلوگرام ہیروئن میں بھیگے کپڑے برآمد کر کے بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
تینوں ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کیلئے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔