الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی کے لیے نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست 12 فروری کو سماعت کے لیے منظور کر لی۔
درخواست میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے بنیادی ٹیرف میں 23.57 روپے کی کمی تجویز کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے درخواست میں کہا ہے کہ موجودہ اور مجوزہ بنیادی ٹیرف میں فرق کا انتظام کراس سبسڈی میکنزم سے کیا جائے گا، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز پر تمام موجودہ ٹیکسز لاگو رہیں گے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز پر موجودہ تمام ایڈجسٹمنٹس کا اطلاق ہو گا، اسٹیشنز کے لیے مارجن کے تعین کا اختیار مارکیٹ کو دیا جائے۔
پاور ڈویژن نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے 44 فیصد کم رعایتی ٹیرف کا اعلان کیا تھا۔
پاور ڈویژن کے مطابق 71 روپے کے بجائے چارجنگ اسٹیشنز کو ٹیرف 39.70 روپے فی یونٹ ملے گا۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ 2030ء تک 30 فیصد الیکٹرک گاڑیوں کی شمولیت کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔