• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکٹرک گاڑیوں کیلئے بجلی 44 فیصد سستی، تاریخ ساز پیکیج ہے، شہباز شریف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاور ڈویژن کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے بجلی پر خصوصی 44 فیصد رعایتی ٹیرف کو ایک تاریخ ساز پیکیج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پٹرول، ڈیزل کی درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ہوگی، انہوں نے کہا ہے کہ آلودگی کو کم کرنے کیلئے الیکٹرک وہیکلز جیسے اقدامات سود مند ہیں، اس سے ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی ہوگی۔وہ اسلام آباد میں الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ الیکٹرک چارجنگ کے اسٹیشنز کو موجودہ فی یونٹ 71روپے کی بجائے اب 39.70روپے فی یونٹ بجلی ملے گی، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز سے متعلق ضوابط کے نفاذ سے 15دنوں میں رجسٹریشن اور کاروبار کی اجازت ملے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ کا مکروہ دھندا کرنے والوں کی حوالگی کیلئے انٹرپول سے رابطہ کرے، ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کا معیاری نظام قائم کیا جائے، دریں اثناء وزیر توانائی اویس لغاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپریل میں پاکستان خطے میں سب سے سستی بجلی دینے والا ملک بن جائیگا، گردشی قرضے میں 12ارب کمی،تمام انڈسٹریل یونٹ کو ایک ہی جگہ بجلی ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے پاور ڈویژن کی جانب سے الیکٹرک وہیکلز کی پالیسی کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے حوالےسے نئی حکومتی پالیسی کی بھر پور تشہیر کرنے اور آگہی مہم کی ہدایت کی۔ اجلاس میں الیکٹرک وہیکلز کیلئے نئی حکومتی پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کو موجودہ 71روپے کی بجائے اب 39.70 روپے فی یونٹ بجلی ملے گی، اس کمی کی وجہ سے اب پٹرول اور دوسرے ایندھن کے مقابلے میں سفری اخراجات میں تین گناتک بچت ممکن ہوسکے گی، ملک میں پٹرول اور دوسرے ایندھن پر انحصار کم ہونے کی وجہ سے بھاری زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی، اس سے مضر صحت گیسز کے اخراج کو روکنے اور فضائی آلودگی سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔

اہم خبریں سے مزید