ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ امریکی حکومت کی سینکڑوں ویب سائٹس بند کر رہی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز امریکی حکومت کی کئی ویب سائٹس بند تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سائبر سیکیوریٹی اینڈ انفرااسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی (CISA) کے ذریعے ملنے والی تقریباً 1 ہزار 4 سو حکومتی ویب سائٹس کی فہرست میں سے 350 سے زائد ویب سائٹس گزشتہ سہ پہر بند تھیں۔
گزشتہ روز بند ہونے والی ویب سائٹس میں دفاع، تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹیشن، لیبر کے محکموں کے ساتھ ساتھ سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی اور سپریم کورٹ سے منسلک ویب سائٹسں بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں امریکی حکومت کی ویب سائٹس کے بند ہونے کا صحیح وقت نہیں بتایا گیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ویب سائٹس عارضی طور پر آف لائن ہوئیں یا ٹرمپ انتظامیہ کی ہدایت پر انہیں مستقل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی عہدہ سنبھالتے ہی ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی (DOGE) کے تحت امریکی حکومت کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات اُٹھانے شروع کر دیے ہیں۔
اسی ضمن میں گزشتہ روز ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی (DOGE) کے سربراہ ایلون مسک نے کہا تھا کہ دنیا کے تقریباً 120 ممالک میں امدادی پروگرام چلانے والی ایجنسی ’یو ایس ایڈ‘ کو بند کر دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق یو ایس ایڈ کی ویب سائٹ بھی گزشتہ روز بند تھی کیونکہ ایجنسی کے تمام ملازمین کو ای میل کے ذریعے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ پیر کو اپنے دفاتر نہ جائیں۔